جمعرات 12 نومبر 2026 - 12:42
حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا طہارت اور معرفتِ الٰہی کا کامل نمونہ ہیں: حجۃ الاسلام والمسلمین صدیقی

حوزہ/ حجۃ الاسلام والمسلمین کاظم صدیقی نے کہا ہے کہ حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا طہارت، تقویٰ اور معرفتِ الٰہی کا کامل نمونہ ہیں۔ آپؑ کی معرفت حاصل کرنے کے لیے ضروری ہے کہ انسان اپنے دل کو حسد، تکبر اور دیگر اخلاقی برائیوں سے پاک کرے اور اللہ کی بندگی کا راستہ اختیار کرے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، حجۃ الاسلام والمسلمین کاظم صدیقی نے کہا ہے کہ حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا طہارت، تقویٰ اور معرفتِ الٰہی کا کامل نمونہ ہیں۔ آپؑ کی معرفت حاصل کرنے کے لیے ضروری ہے کہ انسان اپنے دل کو حسد، تکبر اور دیگر اخلاقی برائیوں سے پاک کرے اور اللہ کی بندگی کا راستہ اختیار کرے۔

انہوں نے تہران کی مسجد امیرالمؤمنینؑ میں ایام شہادت حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی مناسبت سے منعقدہ مجلس عزا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قرآن مجید کی آیت تطہیر میں اہل بیت علیہم السلام کے بلند مقام کو بیان کیا گیا ہے۔ طہارت صرف ایک لفظ یا ذہنی تصور نہیں، بلکہ ایک حقیقت ہے جسے سمجھنے کے لیے انسان کو خود بھی اپنے باطن کو پاک کرنا ہوگا۔

حجۃ الاسلام والمسلمین صدیقی نے کہا کہ امامت ایک مسلسل اور ناقابل تقسیم حقیقت ہے۔ کسی ایک امام کی امامت کو قبول کرکے دوسرے امام کی امامت کا انکار نہیں کیا جاسکتا۔ انہوں نے زیارت جامعہ کبیرہ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ تمام ائمہ اہل بیت علیہم السلام کا نور، روح اور اصل ایک ہے اور حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا اس نورانی سلسلے کا اہم مرکز ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ اہل بیت علیہم السلام کی دعائیں اور زیارتیں صرف ثواب حاصل کرنے کے لیے نہیں، بلکہ خداوند متعال اور اس کے اولیاء کی معرفت حاصل کرنے کا ذریعہ بھی ہیں۔ مؤمن کو چاہیے کہ وہ دعا کے ذریعے اللہ تعالیٰ سے صحیح معرفت طلب کرے تاکہ فتنوں اور اعتقادی شبہات کے دور میں اس کا ایمان مضبوط رہے۔

انہوں نے حسد، تکبر اور دنیا کی حد سے زیادہ محبت کو روحانی ترقی کی بڑی رکاوٹ قرار دیتے ہوئے کہا کہ حسد سب سے پہلے خود انسان کی روح کو نقصان پہنچاتا ہے۔ انسان کو دنیاوی فائدے کے لیے اپنے دین اور دینی اقدار کا سودا نہیں کرنا چاہیے۔

انہوں نے امام زمانہ عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف سے حقیقی تعلق پیدا کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ مؤمن کو امام زمانہؑ کی جدائی کا احساس ہونا چاہیے اور ان کے ظہور کے لیے دعا کرنی چاہیے۔

انہوں نے آخر میں قومی اتحاد، ہوشیاری اور دینی و قومی اقدار کی حفاظت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی سیرت ہمیں اپنے باطن کو پاک کرنے، اخلاقی برائیوں سے بچنے اور اللہ تعالیٰ کی بندگی اختیار کرنے کا درس دیتی ہے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha